اٹلی دو طرفہ تجارت 3 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے پرعزم
کراچی(بزنس رپورٹر )اٹلی کے قونصل جنرل فیبریزیو بیلی نے اٹلی اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے۔۔۔
آئندہ سالوں میں موجودہ تجارتی حجم کو کم از کم 3 ارب ڈالر تک دگنا کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔کراچی چیمبر کے دورے پرانہوں نے خاص طور پر کراچی میں دستیاب وسیع مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے اِسے بے پناہ اقتصادی صلاحیت کا حامل شہر قرار دیا ۔قونصل جنرل کی حیثیت سے صرف دو ماہ قبل عہدہ سنبھالنے والے فیبریزیو بیلی نے کراچی کے معاشی منظر نامے اور مستقبل میں تعاون کے امکانات کو جاننے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل کے شعبے میں بھی حوصلہ افزا امکانات موجود ہیں۔ ہمیں پاکستانی مارکیٹ میں اٹلی کی فارماسیوٹیکل مصنوعات کی تیاری کیلئے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنا چاہیے ۔ اس مقصد کیلئے انہوں نے کے سی سی آئی کو سال میں تین بار ایک جامع شعبہ جاتی رپورٹ تیار کرنے اور شیئر کرنے کا مشورہ دیا جس سے اٹلی کے کاروباری اداروں کو کراچی اور پورے پاکستان میں دستیاب مواقع کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مضبوط بنائیں اور نئے مواقع کی نشاندہی کریں۔