پاکستان اسٹیٹ آئل کا خالص منافع 15.3 ارب ریکارڈ
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹیٹ آئل نے مالی سال 2024-25 کے ابتدائی نو ماہ یعنی جولائی تا مارچ کے دوران 15.3 ارب روپے کا خالص منافع کمالیا ہے جب کہ اس عرصے میں کمپنی کی مجموعی فروخت 2.5 ٹریلین روپے رہی۔
کمپنی نے مالیاتی کارکردگی سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردیے ہیں جس کے مطابق فی حصص آمدنی 32.5 روپے رہی۔رپورٹ کے مطابق پی ایس او گروپ کا مجموعی منافع 12.3 ارب روپے رہا جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں کم ہے تاہم کمپنی نے کئی اہم شعبوں میں اپنی مارکیٹ برتری برقرار رکھی ہے ۔ایندھن کی فراہمی کے شعبے میں پی ایس او نے ڈیزل میں 46.5 فیصد اور وائٹ آئل میں 46 فیصد کا مارکیٹ شیئر قائم رکھا، جب کہ ہوائی ایندھن یعنی جیٹ فیول میں کمپنی نے 99 فیصد شیئر کے ساتھ اپنی مکمل برتری کو برقرار رکھا ہے ۔پی ایس او نے رپورٹ میں بتایا کہ صارفین تک رسائی بڑھانے کے لیے 67 نئے ریٹیل آؤٹ لیٹس کا اضافہ کیا گیا، جس سے کمپنی کا مجموعی نیٹ ورک 3,641 اسٹیشنز پر مشتمل ہو گیا ہے ،اس کے علاوہ کمپنی نے نئے گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر موبائل جیٹ فیول سروس کا آغاز بھی کیا ہے۔