افواجِ پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا،تاجربرادری
کراچی(بزنس رپورٹر)تاجربرادری نے افواجِ پاکستان کی جرات، بہادری اور شجاعت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی جانب سے کی گئی حالیہ جارحیت کا بروقت، مؤثر اور منہ توڑ جواب دیکرافواجِ پاکستان نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
وفاقی چیمبر کے قائم مقام صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہاکہ ہم اپنی دلیر افواج کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں ۔ کراچی چیمبرکے صدر جاوید بلوانی، بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا اور معروف صنعتکار عقیل کریم ڈھیڈی نے پریس کانفرنس میں بھارت کو کھری کھری سناتے ہوئے مکمل قومی حمایت کا اعلان کیا ۔کاٹی کے صدر جنید نقی نے 31بے گناہ شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ اور انسانیت کے خلاف کھلی بربریت ہے ۔آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر اپنی صلاحیت ثابت کر دی ہے ، بھارت کو اس کی جارحیت کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا ۔