اسٹاک ایکسچینج :1425پوائنٹس کی تیزی،147ارب منافع
کراچی (بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے کاروباری روز خریداری کا رحجان غالب رہا ہے اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح پر بند ہوا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بجٹ میں تعمیراتی شعبے پر توجہ دیے جانے کی امیدوں پراسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز مثبت رجحان سے ہوا اور یہ رجحان کاروبار کے اختتام سے قبل اسٹاک ایکسچینج پر نیا ٹیکس نہ لگائے جانیکی اطلاع پر تیز ہوگیا۔ماہرین کے مطابق مارکیٹ پر دن بھر خریداری کا رحجان غالب رہا اور مارکیٹ نئی بلندیوں کی طرف چلی گئی جس کی وجہ آئندہ بجٹ کے اعلان سے متعلق اچھی امیدیں ہیں۔کاروبار کے اختتا م پر100انڈیکس1425پوائنٹس کے اضافے سے 119,961 پر بند ہوا۔آل شیئرز انڈیکس کا حجم بڑھ کر 698.96 ملین ہوگیا۔ گزشتہ روز 69 کروڑ 89 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 39 ارب روپے سے زائد رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 147 ارب روپے اضافے سے 14 ہزار 385 ارب روپے ہے ۔ مجموعی طور پر 458 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 312کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،107میں کمی اور39میں استحکام رہا۔