صنعتوں کو خودگیس خریدنے کی اجازت دی جائے ،زبیر موتی والا
کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی )آئی ایم ایف کی شرط پر نافذ کی گئی نیوگیس لیوی نے ملک کی صنعتی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کر دیاہے ۔
سرپرست اعلیٰ کراچی چیمبر اور بی ایم جی گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا نے کہا کہ صنعتی پلانٹس یا تو گرڈ اسٹیشن سے منسلک ہوں یا کام بند کریں یہ دو اختیارات باقی رہ گئے ہیں مگر کراچی سمیت ملک بھر میں گرڈ اسٹیشن کا نظام ابھی مکمل طور پر مربوط انداز میں فعال نہیں ہوا ہے اور صنعتوں کو نیشنل گرڈ اسٹیشن سے منسلک ہونے کیلئے بھاری بھرکم کنکشن فیس ادا کرنا پڑتی ہے جو سراسر زیادتی کے مترادف ہے ۔ زبیر موتی والا نے موقف اپنایا کہ سندھ گیس پیدا کرنے میں دیگر صوبوں سے آگے ہے ، مگر پیدا ہونے والی گیس صنعتوں کو مہیا نہیں کی جا رہی، اس پابندی نے مقامی صنعتوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہوناتقریباً ناممکن بنا دیا ہے ۔کیپٹو پاور پلانٹس پر عائد گیس لیوی سے ماحولیاتی آلودگی اور کاربن اخراج میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔چیئرمین بی ایم جی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ براہِ راست صنعتوں کو خود گیس خریدنے اور استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔