وفاقی چیمبرکا انکم ٹیکس ترمیمی آرڈینس پر نظرثانی کا مطالبہ
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ نے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس پرسخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس فیصلے پر نظرثانی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے تمام چیمبرز اور تجارتی ایسوسی ایشنز اس ترمیمی آرڈیننس کو مکمل طور پر مسترد کر چکی ہیں ۔صدر ایف پی سی سی آئی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ آرڈیننس کے تحت ٹیکس افسران کو کاروباری افراد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور ان سے رقم نکلوانے کے جو لامحدود اختیارات دیے جا رہے ہیں، وہ نہ صرف بنیادی مالیاتی آزادی کی خلاف ورزی ہیں بلکہ اس سے کاروباری برادری میں شدید عدم تحفظ پیدا ہوگا۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہونے کے بجائے بدعنوانی اور سرکاری اختیارات کے غلط استعمال کا رجحان بڑھے گاجس کے منفی اثرات مجموعی معاشی ماحول پر مرتب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے اور اس آرڈیننس نے ان کے خدشات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔صدر ایف پی سی سی آئی نے واضح کیا کہ حکومت کو معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آسانیاں فراہم کرنی چاہئیں نہ کہ تاجر دشمن پالیسیاں نافذ کرنی چاہئیں ۔انکا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی بہتری کا راستہ کاروبار دوست ماحول سے ہو کر گزرتا ہے اور اگر حکومت نے بزنس کمیونٹی کی مشاورت کے بغیر ایسے آرڈیننسز کا نفاذ جاری رکھا تو اس سے صنعتی و تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔