اسٹاک ایکسچینج:ایک ہفتے میں انڈیکس 546پوائنٹس گنوابیٹھا

اسٹاک ایکسچینج:ایک ہفتے میں انڈیکس 546پوائنٹس گنوابیٹھا

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اپنایاجسکے باعث بینچ مارک 100انڈیکس میں مجموعی طور پر 546 پوائنٹس یا 0.45فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

انڈیکس 119102 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، جبکہ ہفتے کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 120699 اور کم ترین سطح 118527 رہی۔ مارکیٹ ڈیٹا کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 2.45 ارب شیئرز کا کاروبار ہوا، جن کی مجموعی مالیت 119 ارب سے زائد رہی تاہم مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 4 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی جسکے بعد مجموعی  کیپٹلائزیشن 14385 ارب روپے پر آ گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی محتاط ٹریڈنگ کی بڑی وجہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط ہیں،جن سے مالیاتی پالیسیوں میں مزید سختی اور مہنگائی میں اضافے کاامکان بڑھ گیا ہے ، اس صورتحال نے کاروباری ماحول پر بھی منفی اثر ڈالا ہے ، جسکا براہِ راست اثر سرمایہ کاری کے رجحان پر پڑا ۔تجزیہ کاروں کے مطابق مستقبل قریب میں حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے کی نوعیت اور بجٹ سے متعلق پالیسیوں کی وضاحت مارکیٹ کے رجحان کا تعین کرے گی ،سرمایہ کار فی الحال واضح سمت کے انتظار میں ہیں ،بازار میں جاری غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر ماہرین نے طویل مدتی سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بنیادی طور پرمستحکم کمپنیوں پر توجہ مرکوز رکھیں، جب کہ قلیل مدتی سرمایہ کاروں کو فوری اتار چڑھاؤ کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے محتاط حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں