بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کا تجارتی تبادلے میں دلچسپی کا اظہار

بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کا تجارتی  تبادلے میں دلچسپی کا اظہار

منڈی بہاالدین(اے پی پی)بنگلہ دیشی کے ہائی کمشنر نے چیمبر آف کامرس منڈی بہاؤالدین کا دورہ کیا جس میں تجارتی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا اور عزم کیا گیا کہ باہمی رابطے رہیں تاکہ دوطرفہ کاروباری روابط کو فروغ دیا جا سکے ۔

وفد کا استقبال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری منڈی بہاؤالدین کے چیئرمین اور دیگر اعلی حکام نے کیا۔ملاقات میں مختلف اہم تجارتی و صنعتی امور پر مفصل گفتگو ہوئی جس میں تاجر برادری کے مابین دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام ثقافتی، مذہبی اور تاریخی رشتوں سے بندھے ہیں، جنہیں تجارتی ہم آہنگی اور صنعتی تعاون کے ذریعے مزید مستحکم کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے منڈی بہاوالدین کی صنعتوں، خصوصا چاول، فوڈ کلر، مچھلی اور باڈی پارٹس انڈسٹری کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شعبے دونوں ممالک کے مابین تجارتی شراکت داری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہائی کمشنر نے ان صنعتوں میں سرمایہ کاری اور تجارتی تبادلے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ منڈی بہاوالدین کی مصنوعات عالمی معیار کی حامل ہیں اور انہیں دنیا بھر میں متعارف کرایا جا سکتا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں