اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا مثبت اختتام،77ارب منافع

اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا مثبت اختتام،77ارب منافع

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا اختتام مثبت زون سے ہوا۔کے ایس ای 100انڈیکس 719پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 19 ہزار 619 پوائنٹس پر بند ہوا۔تیزی کے سبب مارکیٹ سرمائے میں 77ارب روپے کا منافع ریکارڈ کیا گیا ۔۔

تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کاآغاز مثبت زون میں ہوا۔پاکستان کی سفارتی محاذ پرکامیابی ، پاک بھارت کشیدگی میں کمی ، چائنا سمیت ورلڈ بینک سے مستقبل قریب میں ملنے والی رقوم کے قوی امکانات اور معاشی اعدادوشمار کی بہتری اسٹاک سرمایہ کاروں کو تقویت فراہم کرگئی، سرمایہ کاروں کی جانب سے بلو چپ کمپنیوں میں سیمنٹ ، بینک ، انرجی اور آئل اینڈ گیس شعبوں کے حصص میں لین دین کاتسلسل رہا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 249.55 پوائنٹس بڑھ کر 36454.15 پوائنٹس ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1125.53 پوائنٹس کے اضافے سے 180638.95پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 397.35 پوائنٹس کے اضافے سے 74761.31 پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بند ہوا۔مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 14 ہزار 426 ارب روپے سے بڑھ کر 14 ہزار 503 ارب روپے ہوگیا۔ مجموعی طور پر 474 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 259کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ،161 میں کمی اور 54میں استحکام رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں