کاروبار دوست اور غریب پرور بجٹ ناگزیر ، افتخار ملک
لاہور(اے پی پی)سارک چیمبر کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ پائیدار ترقی اور تیز رفتار صنعت کاری کو فروغ ددینے کیلئے برآمدات پر مبنی، کاروبار دوست اور غریب پرور بجٹ ناگزیر ہے ۔
جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر اچھا بجٹ دیا جائے تو نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا اور غربت میں کمی آئے گی بلکہ طویل المدت اقتصادی ترقی و خوشحالی کے ساتھ عالمی سطح پر مسابقتی مقام بھی حاصل ہو گا۔ سرمایہ کاری، جدت اور بین الاقوامی تجارت کی حوصلہ افزائی کرکے ترقی کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے ۔ آسان ٹیکس نظام، ریگولیٹری اصلاحات، ایس ایم ایز کے لیے مراعات اور ٹیرف پالیسیوں کو معقول بنا کر سازگار کاروباری ماحول پیدا کیا جا سکتا ہے ۔ افتخار ملک نے کہا کہ انفرااسٹرکچر، توانائی، تعلیم و ٹیکنالوجی صنعتی ترقی کے کلیدی محرک ہیں۔ ان کیلئے زیادہ بجٹ مختص کر کے نقل و حمل کے نیٹ ورکس، توانائی کی دستیابی اور ڈیجیٹل کنکٹوٹی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے جس سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور کاروباری لاگت کم ہوتی ہے۔