نئے ٹیکس قواعد نے تاجروں کو الجھن میں ڈال دیا
کراچی(بزنس رپورٹر)ایف بی آرکے نئے ٹیکس قواعد کے سبب ہونے والی بدانتظامی نے تاجروں میں الجھن پیدا کر دی ۔
کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن نے ایف بی آر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایس آراو 55 برائے 2025 جو یکم مارچ 2025 سے تمام تاجروں بشمول درآمد کنندگان، تاجروں اور ہول سیلرز سے ان کے اسٹاک کی تفصیلات اینیکس ایچ ون فارم میں جمع کروانے کا تقاضا کرتا ہے ،اس حوالے سے ایف بی آر کی طرف سے کسی قسم کی ہدایات جاری نہیں کی گئی۔ چیئرمین سلیم ولی محمد نے کہا کہ کیونکہ اکثر تاجروں نے مارچ کی ریٹرنز اینیکس ایچ ون جمع کرائے بغیر فائل کیں کیونکہ ایف بی آر نے واضح نہیں کیا کہ اینیکس ایچ ون کب اور کیسے فائل کرنا ہے ۔ اس کے نتیجے میں اپریل کی ریٹرنز میں تاجروں کو اپنا اوپننگ اسٹاک ظاہر کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وہ نئے ایس آر او کے اجراء سے پہلے متعلقہ تجارتی ایسوسی ایشنز اور ٹیکس دہندگان کو واضح اور بروقت ہدایات فراہم کرے۔