اسٹاک ایکسچینج:کاروبار کا آغاز مثبت، انڈیکس میں 81پوائنٹس اضافہ

اسٹاک ایکسچینج:کاروبار کا آغاز مثبت، انڈیکس میں 81پوائنٹس اضافہ

کراچی (بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز قدرے محتاط ٹریڈنگ دیکھی گئی تاہم آئل اینڈ گیس اور پینی اسٹاکس میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے سبب مارکیٹ مثبت زون میں بند ہوئی۔ 100 انڈیکس 81.79 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 22 ہزار 225 پوائنٹس پر بند ہوا۔۔۔

جب کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 54 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا آغاز 24.69 پوائنٹس اضافے سے ہوا اور 100 انڈیکس 1 لاکھ 22 ہزار 168 پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر آ گیا۔ دن بھر عالمی کشیدگی کے پیش نظر سرمایہ کار محتاط نظر آئے ، تاہم پینی اسٹاکس میں نمایاں سرمایہ کاری دیکھنے میں آئی، جس کے سبب مارکیٹ میں بڑی گراوٹ سے بچاؤ ممکن ہوا۔آئل اینڈ گیس سیکٹر میں سرمایہ کاروں کی سرگرمی نے بھی مارکیٹ کے مثبت رجحان کو سہارا دیا اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 81.79 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 22 ہزار 225 پوائنٹس پر بند ہوا۔دیگر انڈیکسز میں بھی بہتری دیکھی گئی ،کے ایس ای 30 انڈیکس 72.80 پوائنٹس بڑھ کر 36,956.09 پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 69.32 پوائنٹس اضافے سے 180,466.50 پوائنٹس اور آل شیئر انڈیکس 279.48 پوائنٹس کے اضافے سے 76,334.69 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔اسی طرح دن بھر کی ٹریڈنگ کے دوران 1 ارب 22 کروڑ 41 لاکھ 78 ہزار 443 شیئرز کا کاروبار ہوا، جس کی مالیاتی مالیت 25 ارب 75 کروڑ 6 لاکھ روپے سے زائد رہی۔اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 471 کمپنیوں کے شیئرز میں لین دین ہوا، جن میں سے 282 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ،159 کمپنیوں کے شیئرز میں کمی اور 30 کمپنیوں کے شیئرز میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔سرمایہ کاری کے اس رجحان کے باعث مارکیٹ کیپٹلائزیشن 14,747 ارب روپے سے بڑھ کر 14,801 ارب روپے تک پہنچ گئی، جس سے سرمایہ کاروں کو مجموعی طور پر 54 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں