اسٹاک ایکسچینج مسلسل گراوٹ کا شکار،170ارب خسارہ

کراچی(بزنس رپورٹر)ایران اور اسرائیل جنگ کی شدت کے سبب پاکستان اسٹاک ایکسچینج رواں کاروباری ہفتے مسلسل گراوٹ کا شکار ہوکر سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل کرگئی۔
دوسری جانب ایشیائی اسٹاک مارکیٹس بھی مندی کی لپیٹ میں ہیں جس کے منفی اثرات بھی اسٹاک ٹریڈنگ پر کسی حد تک مرتب ہورہے ہیں۔ 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ کاآغاز 113 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 20 ہزار 464 ہوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا ۔دن بھر اسٹاک سرمایہ کار عالمی کشیدگی کے سبب انتہائی محتاط انداز اپناتے رہے ،تاہم اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ دو روز کی طرح کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی پینی اسٹاکس میں سرمایہ کاری کا معمولی رجحان دیکھا گیا ،دوران ٹریڈنگ انڈیکس 1500 سے زائد مائنس ہوکر 1 لاکھ 21 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد برقرار نہ رکھ سکا اور 1 لاکھ 20 ہزار 417 پوائنٹس کی نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا ۔دوسری جانب 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ کا اختتام 1505 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 20 ہزار 465 پوائنٹس پر بند ہوا۔ سرمایہ 14 ہزار 780 ارب روپے سے کم ہوکر 14 ہزار 610 روپے رہی یعنی سرمایہ کاروں کے منافع میں 170 ارب روپے کی کمی ہوگئی ۔