اسٹاک ایکسچینج : 1205 پوائنٹس کی تیزی، 122 ارب منافع
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ریڈ زون سے گرین زون میں داخل ہوکر برق انداز میں بلندیوں پرٹریڈ کرتی رہی۔
اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافے سے 100 انڈیکس نے دوران ٹریڈنگ ایک بار پھر زبردست تیزی دکھا کر 1 لاکھ 32 ہزار سے 1 لاکھ 33 کی حد عبور کرلی۔100انڈیکس دوران ٹریڈنگ 1300 سے زائد پوائنٹس بڑھ کر یومیہ بلند سطح 1 لاکھ 33 ہزار 902 پوائنٹس کی نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا ۔دوسری جانب اختتامی لمحات میں 100 انڈیکس ٹریڈنگ کا اختتام 1205 پوائنٹس اضافے سے پہلی بار 1 لاکھ 33 ہزار 782 پوائنٹس کی تاریخی حد پر ہوا۔دوسری جانب کے ایس ای 30 انڈیکس 322.98 پوائنٹس بڑھ کر 40681.77، کے ایم آئی 30انڈیکس913.55 اضافے سے 191640.87 پر اور آل شیئر انڈیکس 632.14 پوائنٹس اضافے سے 83615.81 پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 479 کمپنیوں کے شیئرز میں لین دین ہوا جن میں سے 260 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ، 195 میں کمی اور 24کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ دن بھر اسٹاک سرمایہ کاروں نے بینکنگ، انرجی، سیکنٹ سیکٹرز کے شیئرز کی خرید و فروخت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، اسی تناظر میں اسٹاک مارکیٹ کیپٹلائزیشن بڑھ کر16 ہزار 210 ارب روپے ہوگئی ،یعنی ایک روز میں اسٹاک سرمایہ کاروں نے منافع کی صورت میں122ارب روپے کمائے ۔دوسری جانب شیئرز سودوں کی مالیت عروج پر رہی ،ٹریڈنگ کی ریکارڈ تیزی کے سبب 94کروڑ17لاکھ19ہزار 946 مالیت شیئرز کا کاروباری حجم 36 ارب روپے سے زائد رہا۔