اسٹاک مارکیٹ : 100 انڈیکس میں 2350 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ

اسٹاک مارکیٹ : 100 انڈیکس میں 2350 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے گزشتہ ہفتہ بھی تاریخی ثابت ہوا، جہاں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد، اقتصادی بہتری کی توقعات اور حکومتی پالیسی سطح پر مثبت اشاروں کے باعث مارکیٹ نے تیزی کا تسلسل برقرار رکھا۔

مسلسل تیسرے ہفتے بھی انڈیکس میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا جس نے اسٹاک مارکیٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے بھرپور تیزی کا رجحان غالب رہا۔100 انڈیکس میں 2350 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1.78فیصد بہتری کے ساتھ 1,34,299 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ہفتے کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 1,34,931 پوائنٹس اور کم ترین سطح 1,32,326 پوائنٹس رہی۔ کاروباری حجم کے لحاظ سے بھی یہ ہفتہ خاصا سرگرم رہا، جہاں 4 ارب 73 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا، جن کی مالیت 194 ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔ مارکیٹ کی مجموعی سرمایہ کاری مالیت میں 377 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد یہ مالیت بڑھ کر 16,000 ارب 288 روپے تک جا پہنچی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں