میڈیکل ٹورازم سے کثیر زرمبادلہ کما سکتے ، وفاقی چیمبر
کراچی(آن لائن)وفاقی چیمبر اور اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈیولپمنٹ کے اشتراک سے ایک اعلیٰ سطح میڈیکل ٹورازم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔۔۔
جس میں ممتاز طبی ماہرین، سیاحتی صنعت سے وابستہ سی ای اوز، سرکاری حکام اور پارلیمنٹیرینز نے شرکت کی۔ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز کا معیار عالمی سطح کا ہے اور ہم میڈیکل ٹورازم کے ذریعے ترکیہ، بھارت، ایران اور چین کی طرح ملک کے لیے کثیر زرمبادلہ کما سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر سیاحت کی صنعت عالمی جی ڈی پی میں 10 فیصد حصہ رکھتی ہے ؛ 330 ملین روزگار فراہم کرتی ہے اور دنیا بھر کی خدمات کی برآمدات میں 28.3 فیصد حصہ رکھتی ہے ۔ثاقب فیاض مگوں نے مزید وضاحت کی کہ میڈیکل ٹورازم ایک تیزی سے ترقی کرتی ہوئی عالمی صنعت بن چکی ہے جس کی مالیت 2024 میں 144.5 ارب ڈالر رہی اور اندازہ ہے کہ یہ 2033 تک 700 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔