چابہار فری زون میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستانی تاجروں کو دعوت
اسلام آباد(اے پی پی)سپریم کونسل آف فری ٹریڈ، انڈسٹریل اینڈ اسپیشل اکنامک زونز کے سیکرٹری رضا مسرور کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد نے ہفتے کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا۔
وفد کی قیادت کرنے والے رضا مسرور نے چیمبر کے صدر ناصر منصور قریشی سے ملاقات میں دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ایرانی وفد میں چابہار فری زون کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد سعید اربابی، علی رضا خیامی، زہرہ قادیانلو، کمرشل کونسلر آصف غیاث، زینتھ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور محترمہ فائزہ حسینی شامل تھیں۔ ملاقات میں تجارت، مشترکہ منصوبے ، صنعتی تعاون، سرمایہ کاری، سرحدی تجارت اور ثقافتی تبادلے جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔رضا مسرور نے چابہار فری زون کی تجارتی صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور پاکستانی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ ایرانی آزاد تجارتی زونز میں مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے تجویز دی کہ چابہار فری زون اور آئی سی سی آئی کے مابین مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے جائیں تاکہ نمائشوں، کاروباری میل جول اور تکنیکی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ صدر آئی سی سی آئی ناصر منصور قریشی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان و ایران کے گہرے دوستانہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور انڈسٹریل شراکت داری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔