صنعتی شعبے کو سستی بجلی فراہم کی جائے ،اوورسیز انوسٹرز چیمبر
کراچی(بزنس رپورٹر)اوورسیز انویسٹر چیمبر آف کامرس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتی شعبے کو سستی بجلی فراہم کی جائے۔۔
تاکہ پیداواری لاگت کو قابو میں رکھا جاسکے ۔رپورٹ کے مطابق صنعتی صارفین کو فی یونٹ بجلی تقریباً 20 روپے ادا کرنا پڑ رہا ہے جو کہ پیداواری لاگت کو بڑھانے کا سبب بن رہا ہے اس کے باوجود صنعتوں سے بجلی کے بل 97 فیصد سے زائد وصول کیے جا رہے ہیں،مگر سستی بجلی کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا رہی۔ او آئی سی سی آئی نے کہا کہ حکومت کو گھریلو صارفین کی طرح صنعتی صارفین کو بھی سستی اور معیاری بجلی فراہم کرنی چاہیے تاکہ ملکی صنعتوں کی مسابقت برقرار رہے ،اسی کے ساتھ او آئی سی سی آئی نے عالمی منڈی میں نافذ ہونے والے کاربن بارڈر ایڈجسٹمنٹ میکانزم کو ختم کرنے یا اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ یہ نظام یورپی یونین کے درآمد شدہ مصنوعات پر لگنے والے کاربن ٹیکس کا ایک میکانزم ہے جو پاکستانی صنعتوں کیلئے بڑا چیلنج بن رہا ہے ۔