پاکستان پٹرولیم پر رینسم ویئر حملہ ناکام، اہم ڈیٹا محفوظ
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے اپنے آئی ٹی انفرااسٹرکچر پر ایک سائبر سیکیورٹی واقعے کی تصدیق کی ہے۔۔
جس میں رینسم ویئر کے ذریعے غیر متعلقہ سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا۔کمپنی کے مطابق یہ واقعہ 6 اگست 2025 کو سامنے آیا جس پر فوری ردعمل دیتے ہوئے اندرونی سائبرسیکیورٹی پروٹوکولز فعال کردیے گئے ۔ ترجمان کے مطابق کمپنی کی آئی ٹی اور سائبر سیکیورٹی ٹیموں نے بیرونی ماہرین کی مدد سے فوری اقدامات کیے اور ممکنہ اثرات کو محدود کرنے کے لیے چند غیر ضروری آئی ٹی سروسز کو عارضی طور پر معطل کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق کمپنی کا مربوط اور کئی سطح پر مشتمل سائبر ڈیفنس سسٹم اس حملے کو بروقت روکنے میں کامیاب رہااور اب تک کسی حساس یا کاروباری اہم نوعیت کے ڈیٹا کے متاثر ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا،کمپنی کے مرکزی آپریشنز اور جوائنٹ وینچر پارٹنرز معمول کے مطابق کام کررہے ہیں اور کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں ۔آئی پی پی ایل کے مطابق، حملہ آور نے بلو لاکر کے نام سے خود کو شناخت کیا ہے اور ایک رینسم نوٹ بھیجا ہے ۔کمپنی نے اس معاملے کو متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریگولیٹری حکام کو رپورٹ کر دیا ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے ۔ پی پی ایل کے مطابق اس واقعے کی جامع فرانزک جانچ کر رہی ہے تاکہ دائرہ کار کا مکمل اندازہ لگایا جا سکے اور سائبر سیکیورٹی نظام کو مزید مضبوط کیا جا سکے تاہم سسٹمز کی مکمل بحالی مرحلہ وار اور محفوظ طریقے سے جاری ہے کمپنی نے واضح کیا کہ وہ اپنے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔