اسٹاک ایکسچینج :شاندار کاروباری ہفتہ،4,347 پوائنٹس کا اضافہ
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے رواں ہفتے شاندار کاروباری کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر روز بلند ترین سطح کو چھوا، جو اپنی نوعیت کا ایک انوکھا ریکارڈ ہے۔
دوسری جانب 100 انڈیکس میں ہفتے بھر مجموعی طور پر 4,347 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 3.08 فیصد اضافے کے ساتھ 1,45,382 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا۔ ہفتے کے دوران 100انڈیکس کی بلند ترین سطح 1,46,813 پوائنٹس جبکہ ہفتہ وار کم ترین سطح 1,41,440 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور سرمایہ کاری اور مثبت جذبات کے باعث مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کا رجحان رہا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 3.26 ارب شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 233.90 ارب روپے رہی۔ اس دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 435 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 17 ہزار 342 ارب روپے تک پہنچ گئی۔سرمایہ کاروں کی زیادہ دلچسپی بینکنگ، آئل اینڈ گیس، فارما، سیمنٹ اور آٹو سیکٹر کے اسٹاکس میں رہی، جہاں سب سے زیادہ خرید و فروخت دیکھی گئی۔ اسٹاک ماہرین کا کہنا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں میں یہ اضافہ معاشی اشاریوں میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث ہوا ہے۔