اسٹاک ایکسچینج :انڈیکس پہلی بار 1,47,005 پوائنٹس پر پہنچ گیا
کراچی (بزنس رپورٹر )فیلڈ مارشل کے دوسرے کامیاب دورۂ امریکا، وزیر خزانہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے اعلان اور بلو چپ کمپنیوں کے مثبت مالیاتی نتائج نے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو تاریخ کی نئی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
کاروبار کا آغاز 600 پوائنٹس کے اضافے سے 1,46,064 پوائنٹس پر ہوا، جس کے بعد انڈیکس نے برق رفتاری سے 1,622 پوائنٹس اضافہ کرتے ہوئے پہلی بار 1,47,005 پوائنٹس کی سطح کو چھوا۔ مارکیٹ میں یہ تیزی میوچل فنڈز، انشورنس سیکٹر کی سرمایہ کاری اور مثبت ملکی معاشی اشاریوں کے باعث ریکارڈ کی گئی۔ٹریڈنگ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,547 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1,46,929 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ اس دوران کے ایس ای 30 انڈیکس 489.97 پوائنٹس اضافے سے 45,104.02 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 2,565.34 پوائنٹس اضافے سے 209,524 پوائنٹس اور آل شیئر انڈیکس 968.38 پوائنٹس اضافے سے 90,792.98 پوائنٹس پر بند ہوئے۔ اس ریکارڈ تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں نے ایک ہی دن میں 187 ارب روپے کا منافع کمایا، جبکہ مارکیٹ کی مجموعی سرمایہ کاری مالیت 17,342 ارب روپے سے بڑھ کر 17,529 ارب روپے ہو گئی۔ دن بھر بینکنگ، آئل اینڈ گیس، فارما اور آٹو سیکٹر کے شیئرز میں بھرپور خریداری دیکھی گئی۔کل 479 کمپنیوں کے شیئرز میں لین دین ہوا، جن میں سے 242 میں اضافہ، 209 میں کمی جبکہ 28 میں استحکام رہا۔ مجموعی طور پر 61 کروڑ 12 لاکھ سے زائد شیئرز کے سودے 44 ارب روپے سے زیادہ مالیت پر طے پائے ۔اسٹاک ماہر سلمان نقوی نے کہا کہ جون میں انڈیکس 1,16,000 پوائنٹس پر تھا اور اگست کے دوسرے ہفتے میں 1,47,000 پوائنٹس عبور کر گیا ہے ، جو سیاسی استحکام اور امریکا و چین سے تجارتی معاہدوں کا نتیجہ ہے ۔ ان کے مطابق اگر معاشی و سفارتی اصلاحات کا سلسلہ جاری رہا تو 100 انڈیکس رواں ماہ 1,50,000 پوائنٹس تک پہنچ سکتا ہے۔