ڈالر کی قدرکم، تولہ سونا 5ہزار900روپے مزید مہنگا
انٹربینک میں ڈالر280.78،اوپن مارکیٹ میں 281.81روپے ریکارڈ
کراچی (بزنس رپورٹر)زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی نسبت روپیہ مزیدتگڑا ہوگیا،ادھرعالمی و مقامی مارکیٹوں میں مسلسل دوسرے روز سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھا گیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 3پیسے کی کمی سے 280روپے 78پیسے پر بند ہوا،اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 4پیسے کی کمی سے 281روپے 81پیسے پر بند ہوئی۔دوسرجانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 59 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 4134 ڈالر فی اونس کا ہوگیا ۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 5ہزار 900 روپے کے بڑے اضافے سے 4 لاکھ 35 ہزار 762 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 5 ہزار 65 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 73 ہزار 595 روپے ہوگئی۔یاد رہے کہ پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت7 ہزار 400 روپے اضافے کے بعد 429,862 روپے تک پہنچ گئی تھی۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 144 روپے کے اضافے سے 5353 روپے ہوگئی۔