پیاز کی مجموعی پیداوار کا ہدف 27 لاکھ 80 ہزار ٹن مقرر
25-2024 میں پنجاب نے پیداوار میں سب سے نمایاں کردار ادا کیا پیداواری منصوبے کے تحت سب سے زیادہ ہدف سندھ کو دیا گیا ہے
اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان نے 26-2025 کی فصل کے سال کیلئے پیاز کی مجموعی پیداوار کا ہدف 27 لاکھ 80 ہزار ٹن مقرر کردیا ہے جس کیلئے ملک میں ایک لاکھ 68 ہزار ہیکٹر رقبے پر کاشت کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 25-2024 کے دوران ملک میں پیاز کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہواجو 19.2 فیصد اضافے کے ساتھ27 لاکھ 47 ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔اسی طرح زیرِ کاشت رقبہ بھی 16.8 فیصد کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 42 ہزار 500 ہیکٹر سے بڑھ کر1 لاکھ 66 ہزار 400 ہیکٹر ہو گیا۔
26-2025کے پیداواری منصوبے کے تحت سب سے زیادہ ہدف سندھ کو دیا گیا جہاں 60 ہزار ہیکٹر سے 9 لاکھ 56 ہزار 550 ٹن پیاز پیدا کرنے کا ہدف مقرر ہے ۔بلوچستان کو 47 ہزار ہیکٹر سے 8 لاکھ 84 ہزار 500 ٹن، پنجاب کو 49 ہزار ہیکٹر سے 7 لاکھ 20 ہزار ٹن جبکہ خیبر پختونخوا کو 12 ہزار ہیکٹر سے 2 لاکھ 54 ہزار 400ٹن پیداوار کا ہدف دیا گیا ہے ۔25-2024 کے جاری موسم میں پنجاب نے ملکی پیداوار میں سب سے نمایاں کردار ادا کیا۔ صوبے کی پیداوار 92.4 فیصد اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 75 ہزار ٹن سے بڑھ کر 9 لاکھ 14ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔ سندھ میں ہلکی بہتری سامنے آئی۔ صوبے کی پیداوار 1.5 فیصد اضافے کے ساتھ 7 لاکھ 83 ہزار 200 ٹن رہی جبکہ زیرِ کاشت رقبہ بھی 1.4 فیصد بڑھ کر 57 ہزار 900 ہیکٹر ہو گیا۔