نومبر:روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 18.10کروڑڈالر موصول

نومبر:روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 18.10کروڑڈالر موصول

مجموعی رقم11.49ارب ڈالر ہوگئی،اکاؤنٹس کی تعداد8.83لاکھ سے متجاوز روایتی نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سے 49کروڑ 60لاکھ ڈالر منتقل ہوئے ،اسٹیٹ بینک

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک کے مطابق نومبر 2025ء کے دوران روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 18 کروڑ 10 لاکھ ڈالر جمع کروائے گئے جس کے بعد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے حاصل ہونے والی مجموعی رقوم 11 ارب 49 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے تحت موصول ہونے والی رقوم میں سے 7ارب 39کروڑ ڈالر پاکستان میں مقامی سطح پر استعمال کیے جا چکے ہیں جو معیشت کے مختلف شعبوں کیلئے اہم مالی سہارا ثابت ہو رہے ہیں۔ مرکزی اعداد و شمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے اب تک 1 ارب 92 کروڑ ڈالر بیرونِ ملک منتقل کیے گئے جبکہ اس مد میں پاکستان پرمجموعی واجب الادا ذمہ داری 2 ارب 19 کروڑ ڈالر رہ گئی ہے۔

ڈیٹا کے مطابق سرمایہ کاری کے شعبے میں بھی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس نے نمایاں کردار ادا کیا ۔روایتی نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے 49 کروڑ 60 لاکھ ڈالر جبکہ اسلامی نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے تحت 1 ارب ڈالر پاکستان منتقل ہوئے ،اسی طرح روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کی گئی ۔ نومبر 2025ء کے دوران 9 ہزار 572 نئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوائے گئے جس کے بعد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 83 ہزار 37 ہو گئی ہے ۔ماہرین کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا ملکی مالیاتی نظام پر اعتماد ظاہر کرتے ہیں جبکہ یہ اسکیم زرمبادلہ ذخائر میں بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کو استحکام فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں