کیلشیم کاربائیڈ کی مقامی تیاری وفروخت کا باقاعدہ آغاز
پیداواری یونٹ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ، لاکھوں ڈالر کی بچت متوقع
کراچی(بزنس رپورٹر)مقامی کمپنی نے کیلشیم کاربائیڈ کی پاکستان میں تیاری اور فروخت کا باقاعدہ آغاز کرنے کا اعلان کر دیا ۔کمپنی کی جانب سے منصوبے کی تفصیلات اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ کمپنی خط کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہر ہری پور میں واقع حطار اسپیشل اکنامک زون میں میڈ اِن پاکستان کیلشیم کاربائیڈ تیار کرنے کا کامیاب تجربہ مکمل کر لیا گیا ہے جسکے بعد اسکی پیداوار اور فروخت کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ مقامی سطح پر کیلشیم کاربائیڈ کی تیاری سے ملکی درآمدات میں لاکھوں ڈالر کی بچت متوقع ہے کیونکہ اس کیمیکل کو اب تک زیادہ تر بیرون ملک سے درآمد کیا جاتا رہا ہے ۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ میڈ اِن پاکستان کیلشیم کاربائیڈ کی تیاری چینی اور یورپی ماہرین کی نگرانی میں کی گئی جبکہ پیداواری یونٹ جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے تاکہ عالمی معیار کے مطابق مصنوعات تیار کی جا سکیں۔ کمپنی کے مطابق کیلشیم کاربائیڈ ایک ایسا صنعتی کیمیکل ہے جو مختلف صنعتوں میں کثیر مقدار میں استعمال ہوتا ہے۔