آئی ایف سی، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ اور اینگروکاکسانوں کی معاونت کیلئے فنانسنگ کا اعلان
کراچی (بزنس ڈیسک)انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)نے پاکستانی روپے میں اپنی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جو 33.6 ارب روپے تک (تقریباً 120 ملین امریکی ڈالرز کے مساوی) نان-فنڈڈ جزوی کریڈٹ گارنٹی کے ذریعے اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان لمیٹڈ کی معرفت اینگرو فرٹیلائزرز لمیٹڈ کو طویل مدتی مالی معاونت کے طور پر فراہم کی جائے گی۔
یہ مالی معاونت اینگرو فرٹیلائزرز کو پاکستان میں زرعی ویلیو چین کے لیے مقامی سرمایہ کومتحرک کر کے مضبوط بنانے کے قابل بنائے گی۔ یہ سرمایہ کاری جس کا مقصد پاکستان کے زرعی شعبے کی مضبوطی اور خوراک کے تحفظ کو مضبوط بنانا ہے - آئی ایف سی-کینیڈا فیسلٹی فار ریزیلینٹ فوڈ سسٹمز کی جانب سے فرسٹ لاس کاؤنٹر گارنٹی سے بھی فائدہ اٹھاتی ہے ۔اینگرو فرٹیلائزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی راٹھور نے کہا کہ اینگرو پاکستان کے اہم ترین مسائل کو ہمیشہ بامعنی انداز میں حل کرنے کی کوشش کرتا آیا ہے ۔ مقامی ویلیو چین کو مضبوط بنانے کے لیے مقامی سرمائے کا استعمال ہمارے ملک اور کسانوں کے ساتھ - جو پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہیں،ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے ، اور یہ سب کھاد کی قابلِ اعتماد پیداوار کے ذریعے ممکن ہوتا ہے ۔ ہم اپنے شراکت داروں، آئی ایف سی اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک، کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں اس مشن کو آگے بڑھانے کے قابل بنایا۔انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ریجنل انڈسٹری ہیڈ (مینوفیکچرنگ، ایگری بزنس اینڈ سروسز) برائے مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا، اشرف مجاہد نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک اور اینگرو فرٹیلائزرز کے ساتھ ہماری شراکت کی مضبوطی اور پائیدار انداز میں چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے جدید حل فراہم کرنے کی جانب ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ہیڈ آف کوریج، ریحان شیخ نے کہا کہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ میں ہم ایسے فنانسنگ حل فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں جو پاکستان کی معیشت میں پائیدار ترقی اور طویل مدتی لچک کو ممکن بنائیں۔