یانگو رائیڈ سے پنجاب پولیس کی شراکت داری قائم
لاہور(بزنس ڈیسک)عالمی ٹیکنالوجی کمپنی یانگو گروپ کے تحت کام کرنے والی رائیڈ ہیلنگ سروس یانگو رائیڈ نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی (پی ایس سی اے) کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے اپنے صارفین اور پارٹنر ڈرائیورز کے لیے ایک نمایاں حفاظتی اقدام متعارف کرا دیا ہے۔
ایپ پر مبنی یہ جدید انٹیگریشن پاکستان کے رائیڈ ہیلنگ شعبے میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے جس کا مقصد حفاظت، شفافیت اور حقیقی وقت میں ہنگامی مدد کو یقینی بنانا ہے ۔ یہ پیش رفت نہ صرف صارفین کے اعتماد کو مضبوط بنائے گی بلکہ ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی تحفظ کے نئے معیارات بھی قائم کرے گی۔اس انضمام کے تحت صارفین اب یانگو ایپ کے اندر سے براہِ راست سرکاری 15 ایمرجنسی پولیس ہیلپ لائن پر کال کر سکیں گے ۔ یہ کال ترجیحی شناخت کے ساتھ ایمرجنسی رسپانس سینٹر تک پہنچے گی، جس سے سواری کے دوران کسی بھی غیر متوقع یا ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردِعمل کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ یانگو پاکستان کی کنٹری ہیڈ میرال شریف نے کہا کہ حفاظت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ، اور ہم پاکستان میں رائیڈ ہیلنگ کے تجربے کو مزید محفوظ بنانے کے لیے مسلسل نئے اور مؤثر طریقے تلاش کر رہے ہیں۔