نیلامی میں 979 ارب روپے مالیت کے ٹی بلز فروخت
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک کی جانب سے منعقدہ تازہ حکومتی ٹریژری بلز (ٹی بلز)نیلامی میں شرحِ سود میں واضح کمی کا رجحان سامنے آیا ہے جسے ماہرین مالیاتی پالیسی میں نرمی اور آئندہ مانیٹری پالیسی فیصلوں کیلئے ایک مضبوط اشارہ قرار دے رہے ہیں۔ نیلامی کے دوران مجموعی طور پر 979 ارب روپے مالیت کے ٹی بلز فروخت کیے گئے ۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق حکومت نے ایک ماہ کے 87.2 ارب روپے مالیت کے ٹی بلز 10.20 فیصد کٹ آف ایلڈ پرفروخت کیے ،ایک ماہ کے بلز کی کٹ آف ایلڈ میں 28.6 بیسز پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جو قلیل مدت میں شرحِ سود کے دباؤ میں کمی کا عندیہ ہے ،اسی طرح 3 ماہ کے 79.6 ارب روپے مالیت کے ٹی بلز 10.15 فیصد کٹ آف ایلڈ پر فروخت ہوئے جہاں کٹ آف ایلڈ میں 33.8 بیسز پوائنٹس کی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے ۔ طویل المدتی رجحان کی عکاسی کرتے ہوئے حکومت نے 12ماہ کے 760.9ارب روپے مالیت کے ٹی بلز 10.159 فیصد کٹ آف ایلڈ پر فروخت کیے ، جو نیلامی کا سب سے بڑا حصہ رہا۔