فیوچر منرلز فورم کے دوران معدنی، توانائی شعبے نے توجہ سمیٹ لی
ملک کو معدنی وسائل کے ابھرتے ہوئے اہم عالمی مرکز کے طور پر پیش کیا گیا وفاقی وزیر علی پرویز نے عالمی پینلز، سرمایہ کاروں سے رابطے کرکے وژن اجاگر کیا
کراچی(کامرس رپورٹر)فیوچر منرلز فورم کے دوران معدنی اور توانائی شعبے نے توجہ سمیٹ لی، پاکستان کو معدنی وسائل کے ابھرتے ہوئے اہم عالمی مرکز کے طور پر پیش کیا گیا، وفاقی وزیر مملکت برائے پٹرولیم و معدنی وسائل علی پرویز ملک نے مختلف اعلیٰ سطحی ملاقاتوں، عالمی پینلز اور سرمایہ کاروں سے روابط کے ذریعے معدنی وژن کو بھرپور اجاگر کیا، جسے عالمی رہنماؤں، سرمایہ کاروں نے سراہا، فورم کے موقع پر علی پرویز ملک نے سعودی وزیرِ توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں پاک سعودیہ توانائی تعاون کو مزید وسعت دینے ، استعداد کار بڑھانے اور نالج ایکسچینج کے فروغ پر اتفاق کیا گیا، سعودی وزیرِ نے پاکستان سے قریبی اشتراکِ عمل کی خواہش کا اظہار کیا ور کہا کہ دونوں ممالک توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں اور تجربات کے تبادلے سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ علی پرویز ملک نے سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد الفالح سے بھی ملاقات کی، جس میں معدنی شعبے میں پالیسی اصلاحات اور سرمایہ کار دوست ماحول پر بھی روشنی ڈالی گئی۔