اسٹاک ایکسچینج ،تیزی کا سلسلہ ٹوٹ گیا،171ارب خسارہ
کراچی(بزنس ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو فروخت کا دباؤ غالب آنے سے کئی روز سے جاری تیزی کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹامارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 89 ہزار کی بلند ترین سطح عبور کرنے کے بعد 189,523.43 پوائنٹس پر جاپہنچا۔بعدازاں منافع خوری کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ، آخری سیشن میں فروخت میں شدت آگئی اور انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران دن کی کم ترین سطح 186,626.85 پوائنٹس پر آگیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,588.52 پوائنٹس یا 0.84 فیصد کی کمی سے 187,033.26 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اس دوران سرمایہ کاروں کو 171ارب روپے کا خسارہ ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم گھٹ کر21 ہزار 133 ارب روپے ہوگیا ۔مجموعی طور پر488 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 118 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 331 میں کمی اور39کی قیمتوں میں استحکام رہا۔