ورلڈ اکنامک فورم میں پاکستان پویلین کا افتتاح:پاکستان مشکل حالات:سے باہر آچکا:شہباز شریف

ورلڈ اکنامک فورم میں پاکستان پویلین کا افتتاح:پاکستان مشکل حالات:سے باہر آچکا:شہباز شریف

سفارتی تنہائی بھی ختم ، برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ اپنانا ہوگی:وزیراعظم ،ایم ڈ ی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات پاکستان استحکام حاصل کرچکا ، اگلی منزل صرف ترقی:اسحاق ڈار،وزیرخارجہ کی فن لینڈاورکینیڈین ہم منصب سے ملاقاتیں

ڈیووس ،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل حالات سے باہر آ چکا ہے جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کاکہناہے کہ پاکستان استحکام حاصل کرچکا ہے ، اب اگلی منزل صرف ترقی ہے جبکہ سوئٹزرلینڈ کے شہرڈیووس میں ورلڈاکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلا س کے موقع پر پاکستان پویلین کا افتتاح کردیاگیا۔وزیراعظم نے ڈیووس میں ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ اپنانا ہوگی، ملکی نظام میں بنیادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں،انسداد دہشتگردی میں بھی مختلف ملکوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔شہباز شریف کاکہناتھاکہ پاکستان اب سفارتی تنہائی سے بھی باہر نکل چکا ہے ، زراعت اورمعدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری آ رہی ہے ، علم اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں ، ہم نے ریونیو اکٹھا کرنے کے نظام میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ پالیسی ریٹ 22.5 فیصد سے کم ہو کر 10.5 فیصد ہوگیا، جو معیشت میں بہتری کی مثال ہے ۔

شہباز شریف نے کہاملک اقتصادی استحکام کی راہ پر گامزن ہے ، نوجوان خلیجی ممالک اور دنیا کے دیگر حصوں میں ملازمتوں کیلئے تیار ہیں۔قبل ازیں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے وزیراعظم سے ملاقات کی ۔اس موقع پر شہباز شریف نے مالیاتی نظم و ضبط کے قیام ، محصولات بڑھانے اور پائیدار ترقی کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری، استحکام کی کوششوں اور ادارہ جاتی اصلاحات پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کا اعتراف کیا اور ان کوششوں کو سراہا ۔ دریں اثنا شہباز شریف سے فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفی نے ملاقات کرکے فلسطینی عوام کے لئے پاکستان کی مستقل، اصولی اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ ڈیوس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاتھ فائنڈر گروپ کے پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح کردیا اورخطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی سٹارٹ اپس میں جدت، تخلیقی سوچ اور نوجوانوں کا فعال کردار ملک کی معاشی ترقی کا اہم ستون ہے ۔

نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت نوجوانوں کی قیادت میں کاروبار اور سٹارٹ اپس کی مکمل سرپرستی کرے گی اور انہیں عالمی منڈیوں سے جوڑنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے اور اصلاحات کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ ملک کی معاشی صلاحیت کو مکمل طور پر بروئے کار لایا جا سکے ۔ اسحاق ڈار کا کہناتھاکہ پاکستان استحکام حاصل کرچکا ہے ، اب اگلی منزل صرف ترقی ہے ، ہمارے معاشی اعشارئیے بہت تسلی بخش ہیں، مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 5.5 فیصد پر آ گئی جبکہ پالیسی ریٹ 22.5 فیصد سے کم ہو کر 10.5 فیصد پر آ گیا ہے ۔ ہماری آئی ٹی برآمدات تسلی بخش رفتار سے ترقی کر رہی ہیں، اگرچہ ہماری مجموعی برآمدات مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہیں تاہم آگے کا راستہ واضح ہے کہ پاکستان کو برآمدات پر مبنی ترقی حاصل کرنی ہے ۔ اسحاق ڈار سے فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا والٹونن اورکینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے الگ الگ ملاقات کی اور دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں