کارٹل بنانے پر بینکوں کی اپیلیں مسترد 20 کروڑ روپے جرمانہ برقرار

کارٹل بنانے پر بینکوں کی اپیلیں مسترد   20 کروڑ روپے جرمانہ برقرار

کراچی(بزنس رپورٹر)کمپٹیشن اپیلیٹ ٹربیونل نے بینکنگ کارٹل کیس میں بینکوں اور پاکستان بینک ایسوسی ایشن (پی بی اے )کی جانب سے دائر تمام اپیلیں مسترد کرتے ہوئے کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کا تاریخی فیصلہ برقرار رکھا ہے ۔

ٹربیونل کے فیصلے کے مطابق اضافی سیونگ اکاؤنٹس پر باہمی ملی بھگت کے ذریعے مارک اپ مقرر کرنے کے الزام میں عائد کیا گیا ،مجموعی طور پر 20 کروڑ روپے جرمانہ بدستور نافذ العمل رہے گا ۔سی سی پی کے مطابق یہ مقدمہ 2008 سے زیر التوا تھا، جس میں ثابت ہوا کہ بینکوں نے اضافی سیونگ اکاؤنٹس پر منافع کی شرح باہمی مشاورت سے طے کی جو مسابقتی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ سیونگ ریٹس کی فکسنگ کے باعث عام ڈپازٹرز کو براہِ راست مالی نقصان پہنچا اور انہیں مارکیٹ کے حقیقی فوائد سے محروم رکھا گیا۔فیصلے کے تحت پاکستان بینک ایسوسی ایشن پر 3 کروڑ روپے جرمانہ برقرار رکھا گیا ہے جبکہ سات بڑے بینکوں پر فی کس ڈھائی، ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کا سی سی پی کا فیصلہ بھی برقرار رکھا گیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں