مائی کراچی نمائش کا آج سے آغاز،وزیراعلیٰ افتتاح کرینگے
ایونٹ میں 300سے زائداسٹالز لگائے جائینگے ،8لاکھ افراد کی شرکت متوقع نمائش بی ٹو بی ،بی ٹو سی روابط کیلئے مثالی پلیٹ فارم ثابت ہوگی،محمد ادریس
کراچی(بزنس رپورٹر)کراچی چیمبر کے زیراہتمام 21ویں مائی کراچی اوسس آف ہارمونی بین الاقوامی نمائش جمعہ 6 فروری سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہورہی ہے ۔وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ 3 روزہ میگا ایونٹ کا افتتاح کرینگے ۔نمائش میں 300 سے زائد اسٹالز لگائے جائیں گے جہاں صارفین اور تجارتی خریداروں کیلئے مختلف مصنوعات اور خدمات انتہائی مسابقتی اور رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔اس حوالے سے خصوصی کمیٹی برائے مائی کراچی نمائش کے چیئرمین اور سابق صدر کراچی چیمبرمحمد ادریس نے نمائش کی نمایاں خصوصیات اجاگر کرتے ہوئے ہوئے بتایا کہ یہ نمائش اتوار 8 فروری 2026 تک جاری رہے گی۔ مائی کراچی نمائش ایک بار پھر بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو کنزیومر روابط کیلئے مثالی پلیٹ فارم ثابت ہوگی ،نیز فیملیز کے لیے صحت مند تفریح کابھی اہتمام کیا گیا ہے ۔محمد ادریس نے مزید کہا کہ مائی کراچی نمائش کراچی کے ان چند سالانہ ایونٹس میں شامل ہوچکی ہے جنکا عوام ہر سال بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔
رواں سال 8 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے جبکہ دوست ممالک کے متعدد سفارتکاروں نے شرکت کی تصدیق کی ہے ۔اس کے علاوہ کئی ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی نمائش میں حصہ لے رہی ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ نمائش تاجر برادری کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے جسکا مقصد کراچی کو ایک متحرک، ترقی پسند اور مواقع سے بھرپور شہر کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے ۔ نمائش محض ایک تجارتی نمائش نہیں بلکہ یہ کراچی اور پاکستان میں دستیاب مواقعوں، تنوع اور معاشی طاقت کا بھرپور اظہار ہے ۔انہوں نے یاد دلایا کہ مائی کراچی کا تصور 2004ء میں مرحوم سراج قاسم تیلی کے دورِ صدارت میں پیش کیا گیا تھا جس کا مقصد بین الاقوامی میڈیا میں کراچی کے بارے میں پھیلائے جانے والے منفی اور گمراہ کن تاثر کا مؤثر جواب دیناتھا۔