یوبی ایل کا اینگرو گروپ کیساتھ 20ارب کا آئی آر ایس مکمل

یوبی ایل کا اینگرو گروپ کیساتھ 20ارب کا آئی آر ایس مکمل

کراچی(بزنس ڈیسک)یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل)نے اینگرو کی ایک ذیلی کمپنی کے ساتھ 20 ارب روپے مالیت کا انٹرسٹ ریٹ سوآپ (آئی آر ایس)کامیابی سے مکمل کر لیا ۔

 یہ اہم معاہدہ پاکستان میں ابھرتی ہوئی ڈیریوٹیوز اور رسک مینجمنٹ مارکیٹ میں یو بی ایل کی صفِ اوّل کی پوزیشن کو مزید مضبوط کرتا ہے ۔ اس سے قبل رواں سال یو بی ایل نے 75 ارب روپے کا تاریخی انٹرسٹ ریٹ سوآپ مکمل کیا تھا ۔ حالیہ معاہدے کے تحت اینگرو کو مقامی کرنسی میں طویل المدتی مالی ذمہ داریوں پر شرحِ سود کے خطرات سے مؤثر تحفظ حاصل ہوگا جس سے کیش فلو کی پیش گوئی بہتر ہوگی اور مالیاتی رسک مینجمنٹ کے نظام کو مزید تقویت ملے گی۔ یہ معاہدہ جدید ٹریژری حلوں پر کارپوریٹ اعتماد میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر اینگرو ہولڈنگ لمیٹڈ عبدلالصمد داؤد نے کہا ہے کہ یو بی ایل کے ساتھ ہمارا دیرینہ تعلق بھی اسی اعتماد اور ثابت شدہ کارکردگی پر مبنی ہے ۔ یو بی ایل کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر جاویداقبال نے کہا کہ گزشتہ ماہ ہم نے موبی لنگ(جاز)کے ساتھ 75 ارب روپے کا تاریخی انٹرسٹ ریٹ سوآپ مکمل کیا جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا لین دین تھا۔ اس موقع پر ہم نے کہا تھا کہ یہ معاہدہ مارکیٹ کیلئے محرک ثابت ہوگا اور دیگر بینکوں کو بڑے پیمانے پر ڈیریویٹیو لین دین کی جانب راغب کرے گا۔جیسا کہ توقع تھی، محض ایک ماہ کے اندر ایک اور اہم سنگِ میل حاصل ہوا، جب اینگرو نے 40 ارب روپے کا انٹرسٹ ریٹ سوآپ مکمل کیا جس میں یو بی ایل نے فخر کے ساتھ 20 ارب روپے کی شراکت کی۔ یہ تیز رفتار پیش رفت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کا مالیاتی شعبہ جدید رسک مینجمنٹ حلوں کو تیزی سے اپنا رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں