کمرشل، مائیکرو فنانس بینکوں کو مقررہ وقت پر زکوٰۃ کٹوتی کی ہدایت
حاصل رقم فوری سرکاری اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے ، اسٹیٹ بینک نے سرکلر جاری رقم مستحقین تک بروقت پہنچ سکے گی، صارفین کوکٹوتی سے متعلق آگاہ رکھنے کی ہدایت
کراچی (کامرس رپورٹر)ملک بھر میں بچت اور منافع بخش بینک اکاؤنٹس پر سالانہ زکوٰۃ کٹوتی سے متعلق باقاعدہ حکم جاری کردیا گیا ہے ، اسٹیٹ بینک نے وزارت برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کے تحت جاری سرکلر کی روشنی میں تمام کمرشل اور مائیکروفنانس بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ تاریخ پر زکوٰۃ کی کٹوتی کو یقینی بنایا جائے اور جمع شدہ رقم فوری طور پر سرکاری اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے، مرکزی بینک کے بینکنگ پالیسی اینڈ ریگولیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق سیونگ بینک اکاؤنٹس، پرافٹ اینڈ لاس شیئرنگ اکاؤنٹس اور دیگر منافع دینے والے اکاؤنٹس زکوٰۃ کٹوتی کے دائرہ کار میں آئیں گے ، کٹوتی مقررہ نصاب اور قواعد کے مطابق کی جائے گی جبکہ ایسے اکاؤنٹس جو شرعی استثنیٰ یا ڈکلریشن کے تحت آتے ہیں، انہیں ضابطے کے مطابق رعایت حاصل ہوگی۔ اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ زکوٰۃ کٹوتی کے فوراً بعد متعلقہ رقوم کو حکومتی زکوٰۃ فنڈ کے نامزد اکاؤنٹ میں جمع کرایا جائے تاکہ صوبائی و ضلعی سطح پر مستحقین تک بروقت تقسیم ممکن ہوسکے بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے سسٹمز اور برانچ نیٹ ورک کو پیشگی الرٹ جاری کریں اور صارفین کو کٹوتی کے شیڈول سے آگاہ کریں۔