خطے میں جاری کشیدگی کے باعث جیٹ فیول کی سپلائی متاثر
ایئر لائنز کوپاکستان سے کم،بیرون ملک سے زیادہ فیول لینے کی ہدایت کردی گئی
اسلام آباد/لاہور (این این آئی)خطے میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان میں جیٹ فیول کی سپلائی متاثر ہو گئی ۔ پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی نے نوٹم جاری کرتے ہوئے تمام ایئر لائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پروازوں کے لیے کم سے کم جیٹ فیول کے ساتھ آپریشن کریں۔ مقامی ایئر لائنز کو بیرون ملک سے زیادہ سے زیادہ جیٹ فیول لینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ، جیٹ فیول سپلائی سے متعلق نوٹم 31 مارچ تک نافذ العمل ہو گا۔ مزید برآں 16 مارچ کو اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پر تجارتی پروازوں کے حوالے سے نوٹم جاری کیا گیاہے ۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے نوٹم کے مطابق لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن کے 6 سیکٹرز کو 16مارچ کے دن عارضی بند رکھنے کافیصلہ کیا گیا ہے ، 16مارچ کو کمرشل پروازوں کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف نہیں ہوگی،16مارچ صبح 8:30سے صبح 10:30 بجے کے دوران لینڈنگ اور ٹیک آف نہیں ہوگا۔ 16 مارچ کو فضا میں پروازوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کیلئے انتظارکرنا ہوگا، طیاروں کے کپتانوں کو اضافی فیول لازمی رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔