سعودیہ کی پاکستانی اسنیکس میں دلچسپی، بڑے آرڈرز موصول
ملکی فوڈ پراسیسنگ انڈسٹری پر عالمی منڈیوں کا اعتماد بڑھ رہا ، سیف الرحمان
لاہور(اے پی پی)وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے دورہ ریاض سے واپسی پر کہا کہ سعودی عرب کے فوڈ امپورٹرز نے پاکستان کی متنوع اور اعلی معیار کی غذائی مصنوعات، خصوصا اسنیکس کے شعبے میں غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا ہے، سعودی خریداروں نے پاکستانی مصنوعات کے ذائقے ، جدید پیکیجنگ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تیاری کو سراہا۔اسی مثبت تاثر کے نتیجے میں متعدد درآمد کنندگان نے مختلف اقسام کے اسنیکس کے بڑے آرڈرز دیے ہیں۔ اتوار کو گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بڑھتی ہوئی طلب اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان کی فوڈ پراسیسنگ انڈسٹری پر عالمی منڈیوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور یہ شعبہ بین الاقوامی تقاضوں کو پورا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ۔ پاکستانی برآمد کنندگان نے سعودی قوانین اور فوڈ سیفٹی معیارات کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا ہے ، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ سیف الرحمان نے کہا کہ یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان کی غذائی برآمدات میں اضافے کا باعث بنے گی بلکہ مستقبل میں طویل المدتی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔