بندرگاہ اورکسٹمز مسائل،اپٹما کا ٹاسک فورس بنانے کا مطالبہ
برآمد کنندگان کو یومیہ آرڈرز کا نقصان ہورہا ہے ،چیئرمین کامران ارشد
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)نے بندرگاہوں اور کسٹمز سے متعلقہ مسائل کو 30 دنوں کے اندر حل کرنے کیلئے ایک ہنگامی ٹاسک فورس قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، اس مجوزہ ٹاسک فورس میں ایف بی آر، وزارتِ تجارت، وزارتِ خزانہ اور اپٹما سمیت تجارتی برادری کے نمائندے شامل ہونگے ۔ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ بندرگاہوں پر تاخیر کی وجہ سے برآمد کنندگان کو روزانہ کی بنیاد پر آرڈرز کا نقصان ہورہا ہے ۔وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ کے نام لکھے گئے ایک خط میں، اپٹما کے چیئرمین کامران ارشد نے بندرگاہوں اور کسٹمز حکام کی موجودہ صورتحال کو انتہائی تشویشناک اور تیزی سے بگڑتی ہوئی قرار دیتے ہوئے اس پر وزیراعظم کی فوری توجہ مبذول کرائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نظامی رکاوٹیں پاکستان کی صنعتی مسابقت کو شدید نقصان پہنچارہی ہیں، کاروبار کرنے کی لاگت کو ناقابلِ برداشت حد تک بڑھارہی ہیں اور ملک کی برآمدی ترقی کے اس مشکل سے حاصل کردہ تسلسل کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔