پٹرولیم پربھاری ٹیکسز، آل سٹی تاجر اتحاد کا احتجاج کا اعلان

پٹرولیم پربھاری ٹیکسز، آل سٹی تاجر اتحاد کا احتجاج کا اعلان

ایک لٹر پٹرول پر160روپے لیوی عوام، تاجروں کیلئے ناقابلِ قبول، رہنما کل برنس روڈ تاپریس کلب گدھوں، اونٹوں، گھوڑوں کی ریلی نکالی جائے گی

کراچی (کامرس رپورٹر)آل سٹی تاجر اتحاد نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں اور جاری معاشی بحران کیخلاف بھرپور احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ کیا ہے ، تاجر رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں مؤقف اختیار کیا کہ ایک لیٹر پٹرول پر 160 روپے تک لیوی عائد کرنا عوام اور کاروباری برادری دونوں کیلئے قبول نہیں، جبکہ شہری مجموعی طور پر تقریباً 211 روپے فی لیٹر ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہیں، سرپرست اعلیٰ آل سٹی تاجر اتحاد نے کہا کہ حکومت اربوں روپے کا ٹیکس ایسے شہریوں سے وصول کر رہی ہے ، جو باقاعدہ ٹیکس نیٹ میں شامل ہی نہیں، جس سے مہنگائی کا بوجھ براہِ راست عام آدمی پر منتقل ہو رہا ہے ۔ تاجر رہنما شرجیل گوپلانی نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے باعث صرف کراچی میں دو ارب روپے سے زائد کا مالی نقصان ہوا، جس نے کاروباری سرگرمیوں کو مزید متاثر کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی کے تاجر معیشت بچاؤ تحریک شروع کر رہے ہیں، جسکے تحت پیر کو دوپہر دو بجے برنس روڈ سے کراچی پریس کلب تک اونٹوں، گھوڑوں اور گدھوں پر ریلی نکالی جائے گی۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کے رہنما غلام یاسین نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں تاریخی اضافے سے کاروبار شدید متاثر ہو چکا۔ انکے مطابق اگر ترسیل کا نظام متاثر ہوا تو درآمدی و برآمدی سرگرمیوں کے ساتھ خوراک کی سپلائی چین بھی متاثر ہو سکتی ہے ،صدر الیکٹرانک ڈیلرز منہاج گلفام نے کہا کہ مہنگی توانائی اور ٹیکسوں کے باعث موبائل فون اور الیکٹرانک اشیاء عام صارف کی پہنچ سے باہر ہو جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں