28ویں ترمیم میں معاشی اصولوں کو طے کرنے کا مطالبہ
بزنس فورم کے سیاسی قیادت کو خطوط،طویل المدتی معاشی پالیسی پر زور
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان بزنس فورم نے ملک کی اہم سیاسی پارٹیوں کے سربراہان نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمٰن اور خالد مقبول صدیقی کو خطوط لکھ کر مجوزہ 28 ویں آئینی ترمیم میں معاشی اصولوں کو طے کرنے کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان بزنس فورم نے اس بات پر زور دیا کہ بزنس کمیونٹی اس وقت طویل المدتی معاشی پالیسی کی خواہاں ہے کیونکہ ہر کچھ عرصے بعد معاشی پالیسیوں میں تبدیلیاں سرمایہ کاری کیلئے غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہی ہیں۔
پی بی ایف کے صدر نے کہا کہ ہم بدقسمتی سے ہر کچھ عرصے بعد ایک نیا معاشی سفر شروع کرتے ہیں، کاروباری برادری چاہتی ہے کہ پارلیمان معاشی پالیسیوں میں تسلسل یقینی بنائے ۔فورم نے کہا کہ مجوزہ 28 ویں ترمیم میں مالیاتی نظم و ضبط، روپے کی قدر اور طویل مدت معاشی پالیسیوں کو آئین کا بنیادی حصہ بنایا جائے ۔پی بی ایف نے تجویز دی کہ زراعت اور صنعت کے شعبوں کو بھی وفاق کے سپرد کیا جائے تاکہ ایک یکساں اور مربوط پالیسی پر عمل درآمد ممکن ہو سکے۔