تاجروں کاوزیر اعظم ،فیلڈ مارشل کو نوبل انعام دینے کا مطالبہ
جنگ بندی سے پوری دنیا کااعتمادپاکستان پر بحال ،بڑے معاشی فوائد حاصل ہونگے ملک میں سرمایہ کاری واپس آنی چاہیے ، ثاقب فیاض،زبیرطفیل، ایس ایم تنویر ودیگر
کراچی (بزنس ڈیسک،این این آئی)ایف پی سی سی آئی،یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سی سی آئی،کاٹی،پائما،سائٹ ایسوسی ایشن،آل پاکستان صراف جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن اور دیگر کاروباری برادری نے پاکستان کی جانب سے امریکا، ایران جنگ رکوانے کیلئے شاندار سفارتی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جبکہ وفاقی چیمبر اور کراچی چیمبر نے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ کرد یا۔نائب صدرفیڈریشن ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ جنگ بندی کے نتیجے میں ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کی صورت میں پاکستان کو بڑے معاشی فوائد حاصل ہوں گے ۔یوبی جی کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ پوری دنیا کااعتمادپاکستان پر بحال ہوا ہے اور اب پاکستان سرمایہ کاری کیلئے محفوظ اور بہترین ملک ہے ۔کراچی چیمبر کے سابق صدر زبیر موتی والا نے کہا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے سیز فائر ہوا ، ملک میں سرمایہ کاری واپس آنی چاہیے ۔ کاٹی کے پیٹرن ان چیف ایس ایم تنویر نے کامیاب سفارتکاری خاص طور پر وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی دن رات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے دنیا کے امن اور عالمی سطح پر پاکستان کی بین الاقوامی سیاست اور ڈپلو میسی میں مرکزی کردار نبھانا قابل ستائش قرار دیا۔ نائب صدر ایف پی سی سی ائی امان پراچہ نے کہا کہ اس جنگ بندی کے بعد پاکستان کے لئے بہت اچھے مواقع ہیں۔