ایل این جی پہنچ گئی،بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم:وزیرتوانائی
غلط فہمیاں پھیلائی جاتی ہیں کہ بجلی کی پیداواری صلاحیت46 ہزارمیگا واٹ ہے دعا ہے ٹرانسمیشن لائنیں آفت سے محفوظ رہیں ،پانی ریلیز کرنا ارسا :اویس لغاری
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ بروقت اقدامات کی وجہ سے عوام کو آئندہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔لوڈمنیجمنٹ کے خاتمے کے حوالے سے بیان میں وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ گزشتہ روز ہمیں ایل این جی گیس موصول ہو چکی ہے ، گیس موصول ہوتے ہی اب بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کا خاتمہ ہو چکا ہے ۔اویس لغاری نے بتایا کہ 13 سے 14 روزقبل عوام کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا، ان دونوں میں پانچ، پانچ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کرنا پڑی ، 17,18,19 اپریل کو کوئی لوڈمینجمنٹ نہیں ہوئی، 19 سے 29 اپریل تک لوڈ شیڈنگ کو 2 سے ڈھائی گھنٹے تک محدود کر دیا گیا، آج سے 15روز پہلے پریس کانفرنس کر کے وزارت کا موقف سامنے رکھا تھا، بتایا تھا کہ لوڈ شیڈنگ ہماری کسی کوتاہی یا سسٹم کے نان فنکشنل یا پیداواری صلاحیت کے نہ ہونے کی وجہ سے نہیں ہے ،لوڈ شیڈنگ کی وجہ گیس کی کمی تھی جو امریکہ ایران جنگ کی وجہ سے نہیں موصول ہو رہی تھی۔
اگر ہم ڈیزل یا فرنس آئل سے یہ بجلی پیدا کرتے ہیں اور لوڈ شیڈنگ کی تمام ضروریات کو ختم کرتے ہیں تو یہ بجلی بہت مہنگی پڑتی، مہنگی بجلی کی وجہ سے صارفین پر بوجھ پڑ سکتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیمز کے پانی کو ریلیز کرنا ارسا کی ضرورت ہے اور یہ صوبوں کی ضروریات پر منحصر ہے ، الحمدللہ اب پن بجلی سے بجلی کی پیداوار 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے ، پن بجلی کی پیداوار اس سے پہلے ایک ہزار میگا واٹ تک ہوا کرتی تھی، دعا ہے ٹرانسمیشن لائنز ہر قسم کی آفت اور خرابی سے محفوظ رہیں، وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ بعض حلقوں کی جانب سے غلط فہمیاں پھیلائی جاتی ہیں کہ ہمارے پاس بجلی کی پیداواری صلاحیت 46 ہزار میگا واٹ ہے ، یہ تاثر بالکل غلط ہے ،بجلی کی پیداوار 46 ہزار میگا واٹ نہیں بلکہ 32 ہزار میگا واٹ ہے ، سال کے مختلف دورانیوں میں بجلی کی پیداواری صلاحیت میں اتار چڑھا ؤ آتا رہتا ہے ، الحمدللہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرنے میں اللہ تعالی نے ہمیں سرخرو کیا ہے ، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے ہمیں مجبورا فرنس اور ایندھن سے چلنے والے پلانٹس کو بھی چلانا پڑا، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ صارفین کو مہنگی بجلی سے محفوظ رکھا جائے ۔