کارکن خبردار!عمران کو مائنس کرنیکی باتیں ہو رہیں:اچکزئی

کارکن خبردار!عمران کو مائنس کرنیکی باتیں ہو رہیں:اچکزئی

باقی سب رہا ہو جائیں اور صرف خان جیل میں رہیں تو یہ ناانصافی ہوگی:خطاب عمران کی قید کے ہزار دن مکمل ہوگئے :سلمان اکرم ، ڈٹ کر کھڑے ہیں:اسد قیصر

لاہور(نیوزایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک  تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو خبردار کرنا اور ہوشیار رہنے کی ہدایت دینا چاہتا ہوں، عمران خان کو جیل میں رکھ کر سیاست سے مائنس کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں ، یوم مزدور پر حقوق خلق پارٹی کے زیر اہتمام مظاہرے اور پریس کلب میں یوم مئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت عمران خان کو سیاست سے مائنس نہیں کر سکتی ،وہ عوام کے دلوں میں بستے ہیں،مائنس کرنے کا عمل قبول نہیں کیا جائے گا، عمران خان نے کوئی ایسا جرم یا گناہ نہیں کیا جس کی انہیں یہ سزا دی جائے ، اختلاف اور تنقید سب کا حق ہے ، پسِ پردہ ایسی باتیں ہو رہی ہیں جن کا مقصد عمران خان کے بغیر سیاسی نظام چلانا ہے ، میں خبردار کر رہا ہوں اگر باقی سب رہا ہو جائیں اور صرف خان جیل میں رہیں تو یہ ناانصافی ہوگی، ہمیں ان کی رہائی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ ملک کی بقا اور ترقی حقیقی جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی سے مشروط ہے ،  عدلیہ، پریس اور فوج سمیت تمام اداروں سے اپنے آئینی حدود میں رہنے کی گزارش کرتا ہوں ، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی کی ناحق قید کو ایک ہزار دن مکمل ہوگئے ، عمران خان نے مزدوروں کے لیے صحت کارڈ دیا، مزدور کو وہ اجرت ملنی چاہیے جو اس کاحق ہے ، اسد قیصر نے کہا کہ مزدور کے لیے اپنے بچوں کو دو وقت روٹی دینا مشکل ہوگیا ہے ، پنجاب میں اس مرتبہ گندم کے کسان رل گئے ہیں،عمران خان انتقام کی وجہ سے جیل میں ہیں، آپ نے ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو دیوار سے لگایا ہوا ہے ، غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے ، ہم ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں