نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت میں تربیت دی جائے ،وزیر اعظم
افرادی قوت کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اقدامات کریں معاشی تبدیلی کی لہر کیلئے افرادی قوت،ریگولیٹری فریم ورک پر کام جاری:بلال ثاقب
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، بالخصوص مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل فنانس کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے ، اس حوالے سے خصوصی اقدامات کئے جائیں تاکہ ملک کی افرادی قوت کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے ،وہ وزیر مملکت اور چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے گزشتہ روز ان سے وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات کی ،وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کیلئے ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں مو ثر اور عالمی معیار کے مطابق ریگولیٹری نظام کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنایا جائے ۔ بلال بن ثاقب نے وزیراعظم کو پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کی آپریشنل ریگولیٹر میں منتقلی اور ریگولیٹری سینڈ باکس کے افتتاح پر بریفنگ دی،انہوں نے بتایا کہ اے آئی سے چلنے والی ادائیگیوں اور ریگولیٹڈ ورچوئل اثاثوں کی خدمات جیسے شعبوں میں جدت لائی جا رہی ہے ۔ اس معاشی تبدیلی کی اگلی لہر کیلئے قومی اداروں، افرادی قوت اور ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری پر کام جاری ہے ،دریں اثنا وزیرِاعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں محنت کشوں کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اور بیرون ملک ہر محنت کش کا ہاتھ ہمارے مشترکہ مستقبل کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے ،یومِ مزدور پر قوم کے ہر محنت کش کو چاہے وہ ملک کے اندر ہو یا بیرونِ ملک خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ان کے ہاتھ ہمارے مشترکہ مستقبل کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طلوعِ آفتاب سے لے کر تپتی دوپہر تک اور ان طویل اوقات تک جب پوری قوم سو رہی ہوتی ہے محنت کشوں کی لگن، ثابت قدمی اور خاموش قربانیاں ہمارے گھروں کی تعمیر کرتی ہیں، ہماری صنعتوں کو توانائی دیتی ہیں، ہماری معیشت کو سہارا دیتی ہیں اور ملک کو آگے بڑھاتی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ ہماری حکومت زیادہ اور بہتر روزگار کے مواقع پیدا کرکے ، مزدوروں کے حقوق کو مضبوط بنا کر اور ترقی کے نئے راستے فراہم کرکے ہر محنت کش کے وقار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے ۔