مریم نواز نے رحمت کارڈ کا اجرا کر دیا:بسنت 2027کیلئے حفاظتی قواعد جاری

مریم  نواز  نے  رحمت  کارڈ  کا  اجرا  کر  دیا:بسنت 2027کیلئے  حفاظتی   قواعد  جاری

50ہزاربیواؤں اور یتیم بچوں کو1،1لاکھ روپے ملیں گے ،کوئی بیوہ اور یتیم بچہ خود کو بے سہارامحسوس نہ کرے :وزیراعلیٰ پتنگ بازی صرف مضبوط چھتوں پرہوگی :بریفنگ ، مزدوروں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے پرعزم ہیں :یوم مئی پرپیغام

لاہور (دنیا نیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رحمت کارڈپروگرام کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا، جس کے تحت صوبے میں پہلی مرتبہ 50 ہزار بیواؤں اور یتیم بچوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی جبکہ حکومت پنجاب نے 2027 کی بسنت کیلئے نئے قواعد و ضوابط بھی جاری کر دئیے  ہیں، جن کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے ۔صوبائی معاون خصوصی راشد اقبال نصراللہ نے رحمت کارڈ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رحمت کارڈ کیلئے صوبائی زکوٰۃ فنڈ سے 5ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ہر مستحق بیوہ اور یتیم بچے کو ایک لاکھ روپے دئیے جائیں گے ۔ یہ امداد صرف شرعی طور پر مستحق مسلم افراد کو دی جائے گی جبکہ سرکاری ملازمین، پنشنرز اور صاحبِ نصاب افراد اس پروگرام کے اہل نہیں ہوں گے ۔ درخواستیں موبائل ایپ اور ویب پورٹل https://rahmatcard.punjab.gov.pk کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں جبکہ معلومات کیلئے ہیلپ لائن 1077 بھی دستیاب ہے ۔مستحقین کا انتخاب پنجاب سماجی و اقتصادی رجسٹری کے ڈیٹا بیس کے ذریعے کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پروگرام کو شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی بنایا جائے تاکہ زکوٰۃ فنڈز کا درست استعمال یقینی ہو۔

اس پروگرام کا مقصد مستحق افراد کو معاشی خودمختاری اور سماجی وقار دینا ہے اور کوئی بیوہ یا یتیم بچہ خود کو بے سہارا محسوس نہ کرے ۔دوسری طرف پنجاب حکو مت کے بسنت 2027کیلئے جاری کردہ نئے ضوابط کے مطابق پتنگ بازی صرف محفوظ اور مضبوط چھتوں پر ہوگی، چھت کی چار دیواری کم از کم ساڑھے تین فٹ ہونا لازمی قرار دی گئی ہے ۔ بچوں کی نگرانی والدین کیلئے لازمی ہوگی جبکہ چھتوں پر بھاگ دوڑ، کناروں سے لٹکنے اور خطرناک سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔شور شرابے ، ڈی جے سسٹم اور اونچی آواز میں موسیقی پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ۔ ہر مقام پر فرسٹ ایڈ کٹ کی موجودگی لازمی ہوگی اور کسی حادثے کی صورت میں ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ خلاف ورزی کی صورت میں عمارت مالکان اور منتظمین کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ قواعد و ضوابط پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ شہریوں سے اپیل کی کہ وہ محفوظ بسنت کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔مریم نواز نے یوم مئی پر خصوصی پیغام میں ورکرز، کان کنوں اور محنت کشوں کی عظمت کو سلام پیش کیا اور صنعتی خدمات کو سراہا،انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت مزدوروں کا معیار زندگی بلند کرنے اورخوشحالی کیلئے پرعزم ہے ۔ وزیرِ اعلیٰ نے پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوششیں ناکام بنانے پر اظہار تشکر کیا اور13 خارجی ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں