ایس ایم منیر کی یاد میں عید ملن اوپن ہاؤس کا انعقاد

ایس ایم منیر کی یاد میں عید ملن اوپن ہاؤس کا انعقاد

مرحوم کی صنعت، برآمدات اور فلاحی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا گیا

کراچی(بزنس رپورٹر )یونائیٹڈ بزنس گروپ کے زیر اہتمام مرحوم صنعتکار اور تاجر رہنما ایس ایم منیر کی یاد میں عید ملن اوپن ہاؤس کا انعقاد کیا گیاجس میں ملک کی کاروباری، صنعتی اور سیاسی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں مرحوم کی تاجر برادری، معیشت اور سماجی خدمات کو شاندار انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب میں گورنر سندھ سید نہال ہاشمی، سابق وفاقی وزیر برائے تجارت و داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز، صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور پیٹرن اِن چیف یو بی جی ایس ایم تنویر نے خصوصی شرکت کی۔تقریب کی میزبانی یو بی جی سندھ کے چیئرمین خالد تواب اور دیگر رہنماؤں نے کی۔اس موقع پر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ایس ایم منیر پاکستان کی صنعتی تاریخ کا وہ روشن ستارہ تھے جنہوں نے تجارت کو خدمتِ خلق کا ذریعہ بنایا۔ مرحوم نے چمڑے اور ٹیکسٹائل کی صنعت میں دین گروپ کو عالمی سطح پر ایک معتبر مقام دلایا اور برآمدات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ ایس ایم منیر کی خدمات خصوصاً بینکاری اور تنظیم سازی کے شعبے میں ناقابلِ فراموش ہیں، انہوں نے ایم سی بی بینک میں اصلاحات اور جدت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔صدرایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایس ایم منیر محض ایک کاروباری شخصیت نہیں بلکہ تاجر برادری کے لیے ایک شفیق باپ کا درجہ رکھتے تھے ،ایف پی سی سی آئی اور یو بی جی کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔تقریب میں یہ بھی اجاگر کیا گیا کہ ایس ایم منیر نے بطور چیئرمین ٹڈاپ پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ فلاحی و تعلیمی شعبوں میں بھی ان کی خدمات نمایاں رہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں