مریم نواز کا عیدالاضحی پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم

مریم  نواز  کا  عیدالاضحی پر فول  پروف  سکیورٹی  یقینی  بنانے  کا  حکم

مارکیٹوں میں پٹرولنگ اور لیڈیز پولیس تعینات ،عیداجتماعات میں میٹل ڈی ٹیکٹر نصب کرنیکی ہدایت اے سیز کو علما سے ملاقات ،کالعدم تنظیموں کے کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم

لاہور (دنیا نیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز نے چاند رات اور عیدالاضحیٰ کے دوران صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کا حکم دے دیا،انہوں نے سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے عید اجتماعات میں میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس نصب کرنے کا حکم دیا ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسسٹنٹ کمشنرز کو علمائے کرام سے ملاقاتوں کی ہدایت بھی کی جبکہ علما کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر حکومت پنجاب کے سکیورٹی اور صفائی انتظامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ انہوں نے حساس مقامات پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے چاند رات کے موقع پر بازاروں اور مارکیٹوں میں خصوصی پٹرولنگ اور لیڈیز پولیس کی تعیناتی کا حکم دیا۔ سکیورٹی آپریشن کیلئے سیف سٹی کے ذریعے ریئل ٹائم مانیٹرنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔انہوں نے عیدالاضحیٰ کے دوران ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کالعدم تنظیموں کی جانب سے کھالیں جمع کرنے کیلئے لگائے جانے والے کیمپوں پر پابندی کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈی پی اوز کو خود مختلف علاقوں کا دورہ کرکے پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔مزید برآں سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام کیلئے بھی مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی۔ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی نے وزیراعلیٰ کو عیدالاضحیٰ کے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں 38 ہزار 507 مقامات پر نمازِ عید کے اجتماعات ہوں گے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ دفعہ 144 کے تحت عوامی مقامات پر سری پائے بھوننے پر پابندی عائد کر دی گئی جبکہ ڈرینوں اور عوامی مقامات پر جانوروں کی آلائشیں پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ مریم نواز نے پاکستان کے قومی جانور ’’مارخور‘‘کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد مارخور اور اس کے قدرتی مسکن کو معدومی سے بچانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیاں مارخور کی بقا کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں