قبائلی نمائندوں ،تاجروں کی تجاویز پر افغان سرحد کھولی جائے :حافظ نعیم

قبائلی  نمائندوں ،تاجروں  کی  تجاویز  پر  افغان  سرحد  کھولی  جائے :حافظ  نعیم

سمگلنگ ختم کرکے ایران سے تجارت کو قانونی شکل دی جائے ، گیس پائپ لائن مکمل کی جائے :امیر جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام صرف صوبہ نہیں پورے ملک کے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کریں :ژوب میں جلسہ سے خطاب

 ژوب ، بلوچستان(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قبائلی نمائندوں ، تاجروں کی تجاویز لے کر افغانستان سے ملحقہ سرحد کھولی جائے، سمگلنگ ختم کرکے ایران سے تجارت کو قانونی شکل دی جائے ، پاکستان ایران گیس پائپ لائن پر تعمیری کام مکمل کیا جائے ، پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف عید کے بعد ملک گیر ہڑتال کرینگے ، عوام اور تاجر اپنے حق کیلئے ہڑتال کی مکمل حمایت کریں، بلوچستان سمیت پورے ملک کے مسائل کا حل جماعت اسلامی ہے ، عوام نظام کی تبدیلی کی جدوجہد میں ساتھ دیں، مل کر جدوجہد ہوگی تو مسلط اشرافیہ طبقہ سے جان چھوٹے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ژوب میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ چمن اور دیگر مقامات پرافغانستان سے ملحقہ سرحد کھولنے کیلئے دونوں اطراف کے قبائل اور تاجروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے ، سرحدی تجارت کیلئے زون تشکیل دیا جائے ، امن عامہ اور راہداری کو محفوظ بنانے کی ذمہ داری قبائل کے سپرد کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں چند لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے سرحد کھول دی جاتی ہے ، یہ دورنگی کا نظام ختم ہونا چاہیے ۔

ایران کے ساتھ پٹرولیم اور دیگر تجارت کو ریگولرائز ہونا چاہیے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ لورالائی میں بنو قابل کا آغاز کردیا جلد ہی ژوب میں بھی اس مفت تعلیمی پروگرام کا آغاز ہوگا، جماعت اسلامی نے بلوچستان کے نوجوانوں کا ہاتھ تھام لیا ہے انہیں پڑھائیں گے اور ظلم و ناانصافی کے خلاف جمہوری جدوجہد کرنے والے مجاہد بھی بنائیں گے ، عوام پر مسلط وڈیرے ، سردار مسائل حل نہیں کریں گے ، جو لوگ اپنی پارٹیوں میں جمہوریت نہیں لاسکتے وہ ملک کو کیسے جمہوریت دے سکتے ہیں؟ بلوچستان کے عوام اپنے آپ کو صوبہ تک محدود نہ کریں ، آپ پورے پاکستان کے مالک ہیں ، صوبائی اور مسلکی تعصبات کی سیاست کرنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں ۔نعیم الرحمن نے کہا کہ بلوچستان کے نام نہاد عوامی نمائندے فنڈز لے کر اپنے علاقہ میں ترقیاتی کام نہیں کراتے ، پانی کی سکیموں میں بھی کرپشن ہوتی ہے ، صوبہ میں سڑکیں اور دیگر انفراسٹرکچر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، بچوں کی تعلیم تک رسائی نہیں ، صحت کی سہولیات ناپید ہیں ، ملک کا یہ حال اناسی برس سے مسلط اشرافیہ نے کیا ہے ، نظام کی تبدیلی کیلئے سیاسی جدوجہد جاری رہے گی، عوام ان لوگوں کو مسترد کردیں جو سالہا سال سے ان پر مسلط ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اہل فلسطین کے لیے آواز بلند کرتی ہے ، ہم نے وینزویلا پر بھی ٹرمپ کی جارحیت کے خلاف آواز اٹھائی۔امیر جماعت اسلامی نے ہرنائی اور لورالائی میں کوئلے کے ٹرک جلائے جانے اور جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات پر افسوس کا اظہار کیا اور حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کے نقصان کا ازالہ کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں