پاکستان خطے میں امن کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ، افتخار ملک
دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے پاکستان کی ساکھ مضبوط ہوئی،گفتگو
لاہور (اے پی پی)سارک چیمبر کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی اسٹریٹجک جغرافیائی حیثیت کے باعث جنوبی ایشیا،وسطی ایشیا اور مشرق وسطی میں امن،رابطہ کاری اور تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔وہ پاکستان جاپان سوشو اکنامک ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس کی قیادت ستارہ عارف کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بتدریج خطے میں استحکام فراہم کرنے والے ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔دہشت گردی کے خلاف اقدامات، داخلی سلامتی کے استحکام اور عالمی امن مشنز میں شرکت سے پاکستان کی ساکھ مضبوط ہوئی ہے ۔افتخار ملک نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات،مفاہمت اور سیاسی حل کی حمایت کرتا آیا ہے جبکہ تجارتی و علاقائی رابطوں کے فروغ سے معاشی استحکام میں بھی مدد مل رہی ہے۔