پاکستانی صنعتی آٹومیشن کمپنی کی آسٹریلیا میں انٹری، رجسٹریشن مکمل
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک مارکیٹ کو ارسال کردہ خط میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان کی معروف صنعتی آٹومیشن کمپنی نے آسٹریلیا میں اپنی موجودگی قائم کرتے ہوئے اہم پیش رفت حاصل کرلی ہے۔
کمپنی نے آسٹریلیا کے شہر کوئنز لینڈ میں نئی کاروباری سرگرمیوں کیلئے باقاعدہ انٹری حاصل کرلی ہے جسکے بعد کمپنی وہاں ٹرانسپورٹ،تعمیرات،مائننگ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں آٹومیشن اور صنعتی خدمات فراہم کرے گی۔کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا گیا کہ نئی ذیلی کمپنی آسٹریلین سیکیورٹیز اینڈ انوسٹمنٹس کمیشن کے تحت باقاعدہ رجسٹرڈ ہوچکی ہے ۔خط کے مطابق آسٹریلوی قوانین کے تحت کمپنی کو بزنس نمبر اور ٹیکس فائل نمبر بھی جاری کردیا گیا ہے جسکے بعد کمپنی کو آسٹریلیا میں تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کی مکمل قانونی اجازت حاصل ہوگئی ہے۔
کمپنی حکام کے مطابق آسٹریلیا میں نئی رجسٹریشن کا مقصد ایشیا پیسیفک خطے میں کاروباری دائرہ کار کو وسعت دینا اور صنعتی آٹومیشن، ڈیجیٹلائزیشن اور اسمارٹ انفرااسٹرکچر منصوبوں میں اپنی خدمات فراہم کرنا ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا جیسے ترقی یافتہ اور سخت ریگولیٹری مارکیٹ میں پاکستانی کمپنی کی رجسٹریشن ملکی آئی ٹی اور انجینئرنگ سیکٹر کیلئے مثبت اشارہ ہے ۔ارسال کردہ خط میں مزید بتایا گیا کہ کمپنی اس سے قبل قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بھی صنعتی آٹومیشن اور انجینئرنگ سروسز فراہم کررہی ہے جبکہ آسٹریلیا میں نئی توسیع سے کمپنی کی عالمی موجودگی مزید مستحکم ہوگی۔